ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / جے ڈی ایس کی جانب سے منکال وئیدیا پر لگائے گئے الزامات سے بھٹکل کنٹریکٹر سنگھا ناراض؛ بھٹکل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کام ہونے کا دعویٰ

جے ڈی ایس کی جانب سے منکال وئیدیا پر لگائے گئے الزامات سے بھٹکل کنٹریکٹر سنگھا ناراض؛ بھٹکل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کام ہونے کا دعویٰ

Wed, 01 Nov 2017 19:16:00    S.O. News Service

بھٹکل:یکم نومبر (ایس اؤنیوز) ہوناور میں جے ڈی ایس کی جانب سے بلائی گئی پریس کانفرنس میں بھٹکل۔ہوناور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا  کے  ایک  ہزار کروڑ روپئے   حلقہ میں خرچ کئے جانے والے دعویٰ پر سوالات اُٹھائے گئے تھے اور کنٹریکٹروں کو کمیشن دینے نیز کام خستہ حال  ہونے کے الزامات عائد کئے گئے تھے، جس پر بھٹکل کنٹریکٹر سنگھا نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے  اپنی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

کنٹریکٹر سنگھا کے صدر نارائن نائک نے بدھ کی صبح پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے اس بات کا دعویٰ کیا  کہ بھٹکل کی تاریخ میں سب سے زیادہ کام رکن اسمبلی منکال وئیدیا کی میعاد میں ہی انجام دئیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق رکن اسمبلی کو کسی بھی کانٹراکٹر نے ایک پیسہ کمیشن نہیں دیا ہے اور کسی کمیشن کے بغیر ہی کام کا ٹھیکہ لیا گیاہے۔ نارائن نائک کے مطابق تمام  ٹھیکداروں نے ٹینڈر کے ذریعے کام حاصل کیا ہے۔ اور جو بھی کام سونپا گیا ہے،  ان کو ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ انجام دیا گیا ہے۔ نارائن نائک نے  یہ بھی بتایا کہ  متعلقہ کاموں کے دوران سنئیر اور جونئیر ٹکنکل ماہرین  اور انجنئیرس حاضر رہتے ہیں۔ اور کسی بھی انجنئیر نے کوئی بھی کام خستہ ہونےکی رپورٹ نہیں دی ہے۔

انہوں نے سوال کیاکہ  کیا جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری حلقہ کے تمام کاموں کی ٹکنکل ماہر ین کے ذریعے کاموں کے معیار کی جانچ کی ہے اور جانچ کے بعد کاموں کو خستہ کہہ رہے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ  عوام  اب اتنے  ذہین ہیں کہ ایسے جھوٹے اور غلط رخ دینے الے بیانات کو بہت ہی صحیح ڈھنگ سے سمجھتے ہیں۔

نارائن نائک نے بتایا کہ بھٹکل ودھان سبھا حلقہ کے تمام کاموں کو خستہ کام کہتے ہوئے عنایت اللہ نے ثابت کیا ہے کہ وہ   خود ایک کمزور سیاست دان  ہیں۔ ایک سیاست دان کے طورپر عنایت اللہ شاہ بندری کو عوام کے درمیان مشہور ہونے کے لئے غریبوں اور لاچاروں کی امداد کرنے کے بے شمارذرائع میسر ہیں مگر  اتنے سارے مواقع ہونے کے باوجود  وہ سستی  شہرت پانے کے لئے بھٹکل حلقہ کے تمام ترقی جاتی  کاموں کو برداشت نہ کرتے ہوئے رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے نام کو داغ دار کرنے کی کوشش کی ہے اور اس میں  کانٹراکٹروں پر بھی کمیشن دینے کا الزام عائد کیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ نارائن نائک نے الزام لگایا کہ  عنایت اللہ شاہ بندری کو  رکن اسمبلی کے کاموں سے بہت زیادہ جلن ہوئی ہوگی۔ انہوں نے اس بات کا بھی الزام لگایا کہ اس سے قبل عنایت اللہ شاہ بندری جب بلدیہ کے صدر تھے تو غالباً اس دوران انہوں نے خستہ کاموں کی ترغیب دی ہوگی ، اسی لئے اپنے تجربات کو منکال کے سر پر تھوپ رہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں  ستیش نائک، سبرامنیا شٹی، آنند دیواڑیگا، عبدالرزاق، شنکر جوگی ، سریش نائک، سریش نائک موڈ بھٹکل وغیرہ موجود تھے۔


Share: